روس کے ساحل پر ڈھائی ہزار دریائی بچھڑوں کی ہلاکت معمہ بن گئی۔
برطانوی میڈیاکے مطابق روس میں بحیرہ کیسپئن کے ساحل پر تقریباً ڈھائی ہزار دریائی بچھڑے (Seals) مردہ پائے گئے ہیں، سیلز کی موت کی وجہ جاننے کیلئے ان کے نمونے ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر تقریباً 700 مردہ دریائی بچھڑوں کی اطلاع ملی تھی لیکن مزید تحقیقات میں اس سے کہیں زیادہ تعداد سامنے آئی ہے ۔
کیسپئن انوائرمینٹل پروٹیکشن سینٹر کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر دریائی بچھڑوں کی موت تقریباً دو ہفتے قبل ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ دریائی بچھڑے مارے گئے تھے یا مچھلی پکڑنے کے جالوں میں پکڑے گئے تھے۔
واضح رہے کہ کیسپئن سیلز انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے معدومیت کے خطرے سے دوچار سمندر حیات کی درجہ بندی کی فہرست میں 2008 سے شامل ہیں۔