فرانس: ایسٹن ایک بیل ہے جو خود کو گھوڑا سمجھتا ہے۔ یہ اپنی مالکن کو آرام سے پشت پر بٹھاکر چلتا ہے، رکاوٹی بانسوں کو عبورکرتا ہے اور گھوڑے کی نقل اتارتا
ہے۔ ۔
فرانس کے ایک پرسکون دیہات میں ایسٹن ہر صبح اپنی مالکن سیبن رواس کو سوار کرکے اسے گاؤں کی سیر پر لے جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ علاقے کے تمام افراد اسے بہت پسند کرتے ہیں۔ اس کے مداحوں کی تعداد دنیا بھر میں پھیلی ہوئی ہے کیونکہ یوٹیوب پر اس بیل کے سبسکرائبر کی تعداد 90 ہزار اور ٹک ٹاک پر 62 ہزار مداح ہیں جبکہ فیس بک بر بھی اتنے لوگ اسے فالو کرتے ہیں۔
سیبن نے ایک گھوڑا پال رکھا تھا جو مقابلوں میں بھی حصہ لیتا تھا لیکن وہ جلد ہی موت کا شکار ہوگیا۔ اس کے بعد ان کی گھوڑوں میں دلچسپی کم ہوگئی جبکہ وہ دیگر مویشیوں کو پالنے میں دلچسپی لینے لگیں۔ وہ لکمسبرگ میں تھیں تو جانوروں کے فارم میں گئیں تاکہ کسی مویشی کو پال سکیں۔
وہاں انہوں نے ایک گائے اور اس کے نر بچے کو خرید لیا اور اسے پالنا شروع کیا۔ تاہم اس پر سواری کی کوشش کی تو نوجوان بیل نے ہاتھ نہ رکھنے دیا اور تین ماہ میں 38 مرتبہ اسے گرایا۔ اس کےبعد وہ گویا خاتون کا دوست بن گیا اور روزانہ گھوڑے کی طرح انہیں اپنی پشت پر بٹھاکر سیر کرتا ہے۔
اتنے وزن کے باوجود وہ گھوڑے کی طرح جست بھرسکتا ہے اور عین اسی طرح کرتب دکھاتا ہے۔