لاہور : نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے آئندہ ورلڈکپ کے حوالے سے قومی ویمنز ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
انگلینڈ روانگی سے قبل ملالہ یوسفزئی نے شوہر عصر ملک کے ہمراہ قومی ویمنز کرکٹرز سے ملاقات کی جس دوران کرکٹر سدرا امین ، ڈیانا بیگ اور طوبیٰ حسن موجود تھیں۔
انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی ایمان فاطمہ، شوال ذوالفقار اور منیجر عائشہ جلیل نے بھی ملالہ سے ملاقات کی جس میں ویمن کرکٹرز نے ملالہ یوسفزئی کو دستخط شدہ شرٹ اور قومی ویمنز ٹیم کی جیکٹ بھی پیش کی۔
ملالہ یوسفزئی نے ویمنز کرکٹرز کا مزید کامیابیوں کے لیے حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ آنے والے ورلڈ کپ کے لیے نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں،پریکٹس جاری رکھیں اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں، اس بات پر یقین رکھیں کہ اگر آپ نے ماضی میں کیا ہے تو آپ اب بھی کر سکتی ہیں۔
ملالہ کاکہنا تھا کہ بچیاں ویمنزکرکٹرز کوٹی وی پر دیکھتی ہیں تو ان میں شوق بڑھتا ہے، اپنے کھیل سے جتنا ہو سکتا ہے انجوائے کریں، چیلنج کو قبول کرنا سیکھیں، کامیابی ملے گی۔
دوسری جانب ملالہ کے شوہر عصر ملک نے بتایا کہ ہم دونوں کو کرکٹ کا بہت شوق ہے، ہم اس کو فالو کرتے ہیں ، ہم کوشش کریں گے کہ آپ کو ورلڈکپ کے دوران دیکھنے کے لیے آئیں، ہم ویمن کرکٹ کی جس قدر ہو سکتا ہے سپورٹ کریں گے۔