امریکا میں تاریخ کے بدترین برفانی طوفان نے تباہی مچادی؛ 9 افراد ہلاک

  واشنگٹن: امریکا کو اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین برفانی طوفان کا سامنا ہے جس سے معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں اور اب تک 9 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔



عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاستوں اوہائیو، کینٹکی، میزوری اور کنساس میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی۔ ان ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک جانے کی پیشن گوئی ہے۔

مسلسل ہونے والی برفباری میں مجموعی طور پر 9 افراد ہلاک ہوگئے، 5 ہزار پروازیں منسوخ اور 22 ہزار تاخیر کا شکار ہیں۔ 13 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔ جارجیا، نارتھ کیرولائنا اور نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

برفباری کے باعث ٹریفک حادثات میں 50 سے زائد کاریں تباہ ہوگئیں اور دو موٹر سائیکلسٹ ہلاک ہوگئے۔ اسی طرح فارم ہاؤسز میں 25 کے قریب مویشیوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔

خیال رہے کہ برفانی طوفان سے 20 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے دوسری جانب واشنگٹن ڈی سی میں 1989ء کے بعد اور نیویارک میں 1906ء کے بعد اس کا سال کا کرسمس سرد ترین ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

Previous Post Next Post