ٹوکیو: جاپانی زبان میں بہت سے الفاظ اگرچہ دیگر تہذیبوں میں اتنے برے تصور نہیں کئے جاتے لیکن وہاں کئی الفاظ بداخلاقی اور ہتک کے زمرے میں آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جاپانی پولیس نے ایک بزرگ شہری کو گرفتار کیا ہے جس نے نو روز تک مسلسل 2060 مرتبہ کال کرکے پولیس کی ناک میں دم کررکھا تھا۔
اس شخص نے 30 ستمبر ایک ہی پولیس اسٹیشن کو فون کرنا شروع کیا اور 8 اکتوبر تک مسلسل 2000 سے زائد مرتبہ کال کیں۔ تمام کال میں اس نے پولیس پر سخت تنقید کی اور برابھلا کہا یہاں تک کہ انتہائی سخت گالیاں بھی دیں۔ یوں اس نے ہر چھ منٹ بعد ایک کال کی جن کا دورانیہ 27 گھنٹے بنتا ہے۔
تاہم پولیس نے اپنے امور میں مداخلت، بدزبانی اور ہتک کےمقدمات کے تحت آخرکار 28 نومبر کو اس شخص کو گرفتار کرلیا۔ کاواگوچی کے رہائشی 67 سالہ بزرگ نے تمام فون کالز کا اعتراف کرتے ہوئے کہا، ’ مجھے معلوم تھا کہ ایک دن پولیس مجھ تک پہنچ جائے گی۔‘
اگرچہ اب تک معلوم نہیں ہوسکا کہ آخر اس نے اتنی کال کیوں کی تھیں اور وہ کیا چاہتا ہے لیکن فون کال کے ریکارڈ سے معلوم ہوا ہےکہ وہ ایک عرصے سے مختلف اداروں کو اسی طرح تنگ کررہا ہے۔ تاہم جاپان میں اس طرح کے عجیب و غریب واقعات عام ہیں۔
2019 میں 71 سالہ جاپانی نے اپنی فون کمپنی کو 24000 فضول کال کرکے ان سے شکایت کی تھی۔ اس کے بعد سال 2022 کے اوائل میں 48 سالہ شخص نے مسلسل 9000 مرتبہ فون کرکے ٹرین بک کروائیں اور آخری منٹ پر اسے کینسل کردیا تھا۔