کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کار سوار سے 75 لاکھ روپے لوٹنے والے ڈاکوؤں کو 23 روز گزرنے کے بعد بھی پولیس گرفتار نہیں کرسکی ہے، لوٹی جانے والی رقم ٹھٹھ میں بلاول بھٹو یوتھ فٹبال چیمپئن شب 2022 کے لیے نکلوائی گئی تھی۔
کراچی ضلع وسطی میں کار سوار سے 75 لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکا، فیڈرل بی صنعتی ایریا میں ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کا سی ای او نوشاد عالم ٹھٹھ میں منعقد کرائے جانے والے بلاول بھٹو زرداری یوتھ فٹ بال چیمپئن شب 2022 کے لیے نارتھ کراچی یوپی سے نقدی نکلوا کر جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے اسے لوٹ لیا۔
رواں ماہ 2 دسمبر کو ہونے والی ڈکیتی کی واردات کو 22 روز سے زائد گزر چکے ہیں لیکن پولیس تاحال ڈاکوؤں کو پکڑنے میں ناکام ہے جب کہ فیڈرل بی صنعتی ایریا پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کرکے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔
مدعی مقدمہ نوشاد عالم کے مطابق وہ نارتھ کراچی سیکٹر 2 کا رہائشی ہے اور وہ بحیثیت سی ای او ایونٹ مینجمنٹ کمپنی چلاتا ہے، 2 دسمبر کو بلاول بھٹو زرداری یوتھ فٹ بال چیمپئن شب 2022 کا ایونٹ آرگنائز کرنے کے لیے فنڈ کی رقم بوقت ساڑھے 5 بجے شام بینک آف پنجاب یوپی برانچ سے نقد رقم 75 لاکھ روپے نکلوا کر لیپ ٹاپ بیگ میں رکھ کر اپنی گاڑی براستہ شفیق موڑ سہراب گوٹھ جا رہا تھا جہاں سے ٹھٹھ جانا تھا۔
مدعی کے مطابق جب وہ 6 اور ساڑھے 6 کے درمیان میں روڈ شاہ ولی اللہ بالمقابل خالی پلاٹ نزد شیزان فیکٹری فیڈرل بی ایریا بلاک 22 پر پہنچا تو میری کار جھٹکے مار کر بند ہوگئی جیسے ہی میں اپنی کار کو اسٹارٹ کرنے لگا کہ اچانک 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان آئے اور ایک ملزم نے میری کنپٹی پر پستول رکھ دی۔
ملزمان نے اسلحے کے زور میرا موبائل فون اور پرس جس میں ساڑھے 4 ہزار روپے نقد اور اصل شناختی کارڈ سمیت دیگر دستاویزات موجود تھے جبکہ کار میں موجود لیپ ٹاپ بیگ جس میں بینک سے نکلوائی ہوئی فنڈ کی رقم 75 لاکھ ، تین بلینک چیک بمع کمپنی مہر لگی ہوئی اور دیگر سرکاری دستاویزات چھین لیے اور چاروں ملزمان اپنی موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر شفیق موڑ کی جانب فرار ہوگئے۔
مدعی کے مطابق چھینی جانے والی 75 لاکھ روپے کی رقم ڈپارٹمنٹ آف سندھ نے میری کمپنی کو ٹھٹھہ میں فٹبال چمپیئن شب آرگنائز کرنے کے لیے فنڈ دیا تھا۔