انگینڈ کے جارح مزاج بیٹر ہیری بروک انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) 2023 کے لیے 13 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے (36 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کی نیلامی پر جذباتی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ہیری بروک کو انڈین فرنچائز سن رائزر حیدرآباد نے 13 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپوں میں خریدا ہے، سوشل میڈیا پر ہیری بروک کی جانب سے اپنی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فرنچائز کا شکریہ ادا کیا گیا۔
ویڈیو میں ہیری بروک کا آئی پی ایل میں ڈیبیو سے متعلق کہنا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا میں کیا ردعمل دوں، میرے پاس الفاظ ختم ہوگئے ہیں، میں اپنی فیملی کے ساتھ ناشتہ کر رہا تھا جب آئی پی ایل کی فرنچائز سن رائزر حیدرآباد نے مجھے نیلامی کے دوران منتخب کیا تو دادی یہ سن کر رو پڑیں۔
بروک اس نیلامی میں سن رائز حیدرآباد کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں اور انہیں آل راؤنڈر سیم کرن (18 کروڑ 25 لاکھ ) اور بین اسٹوکس (16 کروڑ 25 لاکھ ) کے بعد انگلش کرکٹرز میں تیسری سب سے زیادہ بولی ملی۔
یاد رہے کہ پاکستان کے حال ہی میں کھیلی گئی 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہیری بروک نے 3 سنچریاں اسکور کی تھیں۔