کراچی: اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 خلیل مارکیٹ میں مشتعل شہریوں کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لینے کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤں سیکٹر ساڑھے 11 خلیل مارکیٹ میں 2 ڈکیت کباڑ کی دکان میں داخل ہونے کے بعد لوٹ مارکرکے فرار ہو رہے تھے کہ موقع پر موجود شہریوں نے گھیرے میں لینے کے بعد دونوں ڈاکوؤں کو پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ جس سے ایک ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مشتعل شہریوں نے ڈاکوؤں کے زیر استعمال موٹر سائیکل کو بھی آگ لگادی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، ہلاک و زخمی ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول ملا ہے جبکہ ڈکیتوں کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب اتوار کی صبح شاہراہ فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 رابعہ سٹی کے قریب فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوگیا جبکہ ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا زخمی شہری اور ہلاک مبینہ ڈاکو کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی شہری کی شناخت 45 سالہ عامر نسیم کے نام سے کی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ زخمی شہری اور ہلاک ڈاکو کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں زخمی شہری اور اس کے دوست نے مبینہ ڈاکو کوشناخت کر لیا ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو کے اہلخانہ بھی جناح اسپتال پہنچ گئے اور مبینہ ڈاکو کی شناخت زبیر کے نام سے ہوئی جوکہ پہلوان گوٹھ کا رہائشی ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والےڈاکو کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ڈاکو کس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔