دریائی گھوڑے نے 2 سالہ بچے کو نگلنے کے بعد واپس زندہ اگل دیا

 افریقی ملک یوگنڈا میں ایک دریائی گھوڑے (ہیپو) نے 2 سالہ بچے کو نگلنے کے بعد دوبارہ اگل دیا۔



حیران کن طور پر اس حملے کے بعد وہ بچہ زندہ بچنے میں کامیاب رہا۔


یہ واقعہ مغربی یوگنڈا کی جھیل ایڈورڈ کے کنارے پیش آیا۔


2 سالہ بچہ اپنے گھر کے قریب کھیل رہا تھا اور جھیل کا کنارہ اس سے 800 گز دور تھا۔


دریائی گھوڑا اس جھیل سے باہر آیا اور اپنے بڑے جبڑے میں بچے کو دبوچ کر نگلنا شروع کردیا۔


جب وہ بچے کو نگل رہا تھا تو ایک مقامی شخص نے یہ دیکھ لیا جس نے دریائی گھوڑے پر پتھر برسانے شروع کردیے۔


اس پتھراؤ کے بعد دریائی گھوڑے نے بچے کو دوبارہ باہر اگل دیا اور پھر جھیل میں واپس چلا گیا۔


مقامی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اس طرح کا پہلا واقعہ ہے جب ایک دریائی گھوڑے نے جھیل سے باہر اتنی دور آکر کسی بچے پر حملہ کیا۔


بیان میں بتایا گیا کہ دریائی گھوڑے نے بچے کا سر جبڑے میں دبوچ کر آدھا جسم نگل لیا تھا، مگر مقامی شخص کی بہادری کے باعث بچے کی زندگی بچ گئی۔


دریائی گھوڑے کے حملے سے بچہ زخمی ہوگیا تھا جسے علاج کے لیے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا۔


خیال رہے کہ دریائی گھوڑے بہت زیادہ جارحیت پسند ہوتے ہیں اور اپنے قریب کسی کو برداشت نہیں کرتے۔


ان کے دانتوں کے چبانے کی طاقت ایک شیر سے 3 گنا جبکہ انسان سے 10 گنا زیادہ ہوتی ہے۔


افریقا میں ہر سال کم از کم 500 افراد دریائی گھوڑوں کے حملوں میں ہلاک ہوجاتے ہیں۔

Previous Post Next Post