امریکا کو کئی دہائیوں بعد موسم سرما کے بدترین طوفان کا سامنا ہے جس سے ریاست ہائے متحدہ امریکا کے بڑے حصے میں نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں برف باری کے باعث مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 22 ہوگئی ہے جبکہ ملک بھر میں تقریباً ساڑھے 5 لاکھ افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
نارتھ کیرولائنا اور دیگر ریاستوں کےکچھ شہروں میں بجلی کی طلب بڑھنے پر بلیک آؤٹ ہو چکا ہے، اس کے علاوہ امریکا کی مختلف ریاستوں میں 2800 پروازیں منسوخ اور 6600 سے زائد تاخیر کا شکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اٹلانٹا، شکاگو، ڈینور اور نیویارک کے ائیرپورٹس پر ہزاروں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ نیویارک برفباری سے سب سے زیادہ متاثر ہے، شہر بفلو میں 2فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ اس کے علاوہ نیویارک کی ایری کاؤنٹی، شہر بفلو میں نیشنل گارڈز تعینات کر دیے گئے ہیں۔
نیشنل ویدر سروس کے مطابق امریکاکے وسطی اور مشرقی حصوں میں سرد موسم کی صورتحال ویک اینڈ تک جاری رہنے کا امکان ہے اور اگلے ہفتے درجہ حرارت معمول پر آنا شروع ہوگا۔
خبر ایجنسی کے مطابق کینیڈا کے مختلف حصوں میں بھی شدید سرد موسم کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے، اونٹاریو اور کیوبیک صوبوں میں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں۔
وینکوور، ٹورنٹو اور مونٹریال کےائیرپورٹس پرسیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور ٹرین سروس بھی متاثر ہے۔