2022 اختتام کے قریب ہے اور یہ بالی وڈ کے کئی بڑے ناموں کی زندگی کا آخری سال ثابت ہوا۔
گزشتہ 12 ماہ کے دوران کئی بڑے فنکار اس دنیا سے چل بسے اور ان کے مداحوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔
لتا منگیشکر سے لے کر گلوکار کے کے سمیت بھارت کے کئی بڑے فنکار اس سال کے دوران انتقال کرگئے۔
لتا منگیشکر
سروں کی ملکہ اور بلبل ہند جیسے ناموں سے یاد کی جانے والی گلوکارہ لتا منگیشکر 6 فروری 2022 کو 92 سال کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔
لتا منگیشکر نے صرف 13 برس کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کیا اور اپنا پہلا گانا 1942 میں ریکارڈ کرایا۔
سات دہائیوں پر مشتمل طویل کیرئیر کے دوران لتا منگیشکر نے مختلف زبانوں میں 30 ہزار گانے گائے، انہوں نے اک پیار کا نغمہ ہے' اور 'دیدی تیرا دیور دیوانہ' سمیت درجنوں مقبول ترین گانے گائے۔
بپی لہری
گلوکار پبی لہری 15 فروری 2022 کو پھیپھڑوں کے مسائل کے باعث دنیا سے چل بسے تھے۔
بپی لہری کو بالی وڈ کا راک اسٹار کہا جاتا تھا اور انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کو کئی مقبول گانے فراہم کیے۔
بپی لہری نے 1970 اور 80 کے اواخر میں بھارت کی مشہور فلموں چلتے چلتے ، ڈسکو ڈانسر اور شرابی کے لیے گانے گائے۔
سدھو موسے والا
پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
سدھو موسے والا 17 جون 1993 کو پیدا ہوئے، ان کا تعلق ضلع مانسا کے گاؤں موسے والا سے تھا۔ پنجابی گلوکار کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں تھی اور وہ اپنے ریپ گانوں کے لیے مشہور تھے۔
کرشنا کمار کناتھ
گلوکار کے کے 31 مئی 2022 کو اچانک انتقال کرگئے تھے۔
53 سالہ گلوکار کو کولکتہ میں لائیو کنسرٹ کے دوران دل کا دورہ پڑا جس پر انہیں مقامی نجی اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
کے کے کا پہلا البم ’پل‘ 1999 میں آیا تھا اور پھر انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور ایک کے بعد ایک سپرہٹ گانے گائے۔
ان کے سپرہٹ گانوں میں فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کا گیت تڑپ تڑپ، دس بہانے اور تونے ماری انٹریاں شامل ہیں۔
سونالی پھوگاٹ
بگ باس 14 میں شرکت کرنے والی سابق اداکارہ اور سیاستدان سونالی پھوگاٹ 23 اگست 2022 کو پراسرار طور پر انتقال کرگئی تھیں۔
پولیس کی جانب سے ہلاکت پر قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا کہ سونالی پھوگاٹ کو ان کےدوست اور پرسنل اسسٹنٹ نے قتل کیا۔
راجو شری واستو
کامیڈین و اداکار راجو شری واستو 21 ستمبر کو 58 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔
راجو شری واستو کو 10 اگست کو دل کا دورہ پڑنے کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ ایک مہینے سے زیادہ عرصے تک زیرعلاج رہے مگر بچ نہ سکے۔
ارون بالی
بالی وڈ کے یہ اداکار 7 اکتوبر کو 79 سال کی عمر میں دنیا سے چل بسے تھے۔
ارون بالی میں 2022 کے شروع میں ایک غیر معمولی اعصابی بیماری Myasthenia Gravis کی تشخیص ہوئی تھی۔
1942 میں پنجاب کے شہر جالندھر میں پیدا ہونے والے ارون بالی نے تھری ایڈیٹس ، پی کے، ائیرلفٹ، کیدارناتھ اور پانی پت جیسی مشہور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ارون بالی آخری بار عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا اور امیتابھ بچن کی فلم گڈ بائے میں اداکاری کرتے نظر آئے۔
وشالی ٹھکر
ڈرامے ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ سے مقبولیت حاصل کرنے والی اداکارہ وشالی ٹھکر نے 15 اکتوبر کو پھندا لگا کر خودکشی کی تھی۔
اداکارہ نے خودکشی سے قبل ایک نوٹ لکھا تھا جو مرنے کے بعد لاش کے پاس سے ملا۔
وکرم گوکھلے
اداکار وکرم گوکھلے 26 نومبر 2022 کو 77 سال کی عمر انتقال کرگئے تھے۔
اس سے قبل بھی اداکار کے انتقال کی خبر سامنے آئی تھی جس کی ان کے اہلخانہ نے تردید کردی تھی۔
وکرم نے 1971 میں امیتابھ بچن کی فلم ’پروانہ‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھا اور پھر کئی مراٹھی اور ہندی فلموں میں کام کیا۔
انہوں نے 1990 میں امیتابھ بچن کی مشہور فلم 'اگنی پتھ' اور 1999 کی فلم 'ہم دل دے چکے صنم' جیسی فلموں میں کام کیا، اس کے علاوہ انہوں نے اکشے کمار کی سپر ہٹ فلم 'بھول بھلیاں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔