ملتان ٹیسٹ جیتنےکیلئے پاکستان کو مزید 157 رنز اور انگلینڈ کو 6 وکٹیں درکار

 ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے کھیل کے اختتام تک 4 وکٹ کے نقصان پر 198 رنز بنا لیے ہیں۔



ملتان ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور 355 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، میچ جیتنے کے لیے پاکستان کو مزید 157 رنز درکار ہیں اور اس کی 6  وکٹیں باقی ہیں۔


سعود شکیل 54 اور فہیم اشرف 3 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔


اس سے قبل آج امام الحق کی انجری کے باعث پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں اوپننگ کے لیے عبد اللہ شفیق کے ساتھ محمد رضوان آئے تھے۔


محمد رضوان 30 رنز بنا کر اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوئے جب کہ کپتان بابر اعظم اولی روبنسن کی شاندار ان سوئنگ گیند پر ایک رن بنا کر بولڈ ہوئے، عبد اللہ شفیق بھی 45 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر بولڈ ہوئے، امام الحق 60  رنز بنانےکے بعد ہمت ہارگئے ۔


انگلینڈ کی دوسری اننگز

ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 202 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ کیا تو ہیری بروک 74 اور بین اسٹوکس 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔


تاہم انگلینڈ کی 5 وکٹیں اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 73 رنز کے اضافہ کر پائیں اور پوری ٹیم 275 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔


تیسرے روز پہلے آؤٹ ہونے والے انگلش کھلاڑی بین اسٹوکس تھے جو 41 رنز بنا کر نواز کی گیند پر محمد علی کے ہاتھوں کیش آؤٹ ہوئے جبکہ ہیری بروک نے اپنی سنچری مکمل کی اور وہ 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔


پہلی اننگز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے والے محمد ابرار نے اگلے آنے والے بیٹر اولی روبنسن کو 3 رنز پر ہی بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔


پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد ابرار نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں زاہد محمود کے حصے میں آئیں، ایک کھلاڑی کو نواز نے آؤٹ کیا جبکہ دو انگلش بیٹرز رن آؤٹ ہوئے۔

Previous Post Next Post