شرمن جوشی کے گول مال 1 کے بعد باقی سیکوئلز میں نا ہونےکی وجہ سامنے آگئی

بالی وڈ کی مشہورِ زمان کامیڈی فلم 'گول مال' کو مداح اب بھی نہیں بھولے ، گول مال ون کی کامیابی کے بعد ہدایتکار روہت شیٹی نے اس کے مزید تین سیکوئلز بنائے۔



گول مال ون میں اجے دیوگن، تشار کپور، ارشد وارثی اور شرمن جوشی نے اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن اس کے بعد گول مال رٹرنز، گول مال تھری اور گول مال اگین میں شرمن جوشی دکھائی نا دیے۔


بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں شرمن جوشی نے بتایا 'میری مینجمنٹ ٹیم نے پروڈیوسرز سے ٹھیک طرح سے بات چیت نہیں کی، انہوں نے فلم کی فیس کے لیے جو رقم بتائی اس پر پروڈیوسرز رضامند نہیں تھے'۔

اداکار نے بتایا کہ 'یہ سب چیزیں میرے علم میں لائے بغیر ہوئیں، مجھے نہیں پتا تھا کہ میری ٹیم اور پروڈیوسرز کے درمیان کیا بات چیت جاری ہے، جیسے ہی مجھے معاملے کا علم ہوا تو میں نے فوری طور پر پروڈیوسرز سے رابطہ کیا، میں نے اسکرپٹ بھی پڑھی لیکن اس کے بعد بات نا بن سکی'۔


جب اداکار سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کو فلم کے آئندہ سیکوئل میں دیکھا جائے گا؟ تو جواب میں انہوں نے کہا 'مجھے امید ہے اگلے سیکوئل میں اداکاری کرتا نظر آؤں گا، فلم میں بہت سارے لکشمن ہوں گے ، تیسرا میں رہوں گا'۔


اداکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے ہدایتکار روہت شیٹی سے التجا اور منت سماجت کی کہ مجھے اگلی فلم میں رکھیے گا جس پر انہوں نے جواب دیا 'ہاں ہاں'، شرمن کے مطابق روہت کے اس جواب نے انہیں شش و پنج کی کیفیت میں مبتلا کردیا ہے۔

Previous Post Next Post