ٹرمپ کو ٹوئٹر پر بحال کیا جائے یا نہیں؟ مسک کے پول پر اکثریت کی رائے کیا رہی؟

ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹر پر واپسی کے حوالے سے صارفین سے سوال پوچھا ہے کہ آیا انہیں ٹوئٹر پر واپس لایا جانا چاہیے یا نہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس پول پر اب تک لاکھوں لوگ اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں اور اب تک 52 فیصد لوگوں نے ٹرمپ کو ٹوئٹر پر واپس لانے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
ایلون مسک نے اپنے پول کا عنوان لاطینی جملے Vox Populi, Vox Dei میں لکھا ہے جس کا مطلب ’عوام کی آواز ہی خدا کی آواز ہے۔‘ ایلون مسک نے یہ پول 24 گھنٹے کیلئے اوپن کیا ہے، مسک نے دعویٰ کیا ہے کہ اس پول پر 10لاکھ افراد فی گھنٹہ اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ گزشتہ برس اس وقت معطل کردیا گیا تھا جب ٹرمپ کے حامیوں نے امریکی پارلیمنٹ پر حملہ کردیا تھا ، ٹرمپ اپنی ٹوئٹس کے ذریعے لوگوں کو اکسا رہے تھے اور مظاہروں میں 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ایلون مسک نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا اس پول کے نتیجے پر وہ عمل کریں گے یا نہیں البتہ گزشتہ روز انہوں نے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹر پر واپسی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ گزشتہ روز ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر اکاؤنٹس کو بحال کرنا شروع کر دیا تھا جو پہلے تاحیات پابندی کا شکار تھے۔
Previous Post Next Post