بالی وڈ کے نواب سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کے ساتھ معاشقے کی خبروں پر بھارتی کرکٹر نے ردعمل دیا ہے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے بھارتی میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ سارہ علی خان اور بھارت کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی 'شُبمن گل' کے تعلقات گہرے ہو رہے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے نا تو اداکارہ نے کوئی بات کی تھی اور نا ہی اب تک کرکٹر نے کچھ کہا، لیکن ایک حالیہ انٹرویو کے دوران شُبمن سے اس موضوع پر بات کی گئی جس کا انہوں نے جواب بھی دیا۔
بھارتی بیٹر سے دوران انٹرویو سوال کیا گیا کہ 'بالی وڈ کی سب سے فِٹ اداکارہ کونسی ہیں؟'، بغیر کسی سوچ بچار کے شُبمن نے سارہ علی خان کا نام لیا۔
پھر کرکٹر سے میزبان نے پوچھا 'کیا آپ اور سارہ ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے ہیں؟ کیونکہ اس حوالے سے کافی افواہیں ہیں'۔
جواب میں شُبمن ہلکا سا مسکرائے اور مختصراً کہا 'شاید'، جس پر میزبان نے کہا 'سارا کا سارا سچ بولو'۔
شُبمن گل نے کہا 'سارا کا سارا ہی سچ بول دیا، شاید ہاں کر رہا ہوں، شاید نہیں کر رہا'۔
واضح رہے اس سے قبل شُبمن گل سے متعلق خبریں زیر گردش تھیں کہ وہ سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی بیٹی کو ڈیٹ کر رہے ہیں تاہم اس حوالے سے بھی کوئی حتمی خبر سامنے نہیں آسکی۔