آج ایک موقع پر خام تیل کی قیمتوں میں 5 ڈالر فی بیرل تک کمی ہوئی تاہم سعودی وزیر توانائی کی جانب سے اوپیک اجلاس میں تیل پیداوار بڑھانے پر بات چیت کی تردید کے بعد قیمتیں دوبارہ اوپر آگئیں۔
سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ اوپیک اجلاس میں تیل کی پیداوار میں اضافے پر بات نہیں کر رہے، سب جانتے ہیں اوپیک پلس میٹنگ سے پہلے کسی فیصلے پر بات نہیں کرتا، اوپیک پلس کی یومیہ 2 ملین بیرل کی کٹوتی 2023 کے آخر تک رہے گی۔
سعودی وزیر کے اس بیان کے بعد دسمبر کے لیے ہونے والے سودوں میں برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 77 سینٹس کمی کے بعد 86.85 بیرل فی ڈالر پر آگئی۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 58 سینٹس کمی کے بعد 79.50ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
خیال رہے کہ امریکی اخبار نے سعودی عرب اور اوپیک ملکوں کے حوالے سے تیل کی پیداوار بڑھانے پر بات شروع کرنےکی خبردی تھی اور کہا تھا کہ اس حوالے سے اوپیک پلس ممالک کا اجلاس 4 دسمبر کو ہوگا۔
اس خبر کے سامنے آنے کے بعد تیل کی قیمتیں 5 ڈالر فی بیرل تک نیچے چلی گئی تھیں۔