بالی وڈ میں کئی رشتے بنتے اور ٹوٹتے ہیں ، کچھ کی وجوہات سامنے آجاتی ہیں جب کہ متعدد کئی سالوں تک ایک راز کی طرح رہتے ہیں۔
ایسا ہی کچھ ماضی کی مقبول جوڑی ابھیشیک بچن اور کرشمہ کپور کے ساتھ ہوا جن کے بارے میں 2000 کی دہائی میں یہ خبریں سرگرم تھیں کہ جوڑی جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائے گی۔
تاہم اس حوالے سے کوئی بھی حتمی خبر سامنے نہیں آئی تھی، نا ہی کرشمہ اور ابھیشیک نے اس بات کی تصدیق کی تھی۔
اب تقریباً 22 سال بعد اس راز سے پردہ اٹھا ہے جس میں معروف فلم ساز سُنیل درشن نے دونوں کی منگنی کی تصدیق کرتے ہوئے علیحدگی کی وجہ بھی بتائی۔
سنیل درشن نے 2002 میں فلم 'ہاں میں نے بھی پیار کیا' پروڈیوس کی جس میں کرشمہ کپور، ابھیشیک بچن اور اکشے کمار نے مرکزی کردار نبھائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حالیہ انٹرویو میں سنیل درشن نے بتایا کہ 'کرشمہ اور ابھیشیک نے 5 سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا، ان کی منگنی کی خبر بالکل سچ تھی کیونکہ میں نے ان کی منگنی پر خود شرکت کی تھی'۔
فلم ساز نے بتایا 'فلم ہاں میں نے بھی پیار کیا کی شوٹنگ کے وقت میں سیٹ پر ہوا کرتا تھا، مجھے ان دونوں کو دیکھ کر لگتا تھا کہ یہ اپنے ساتھ کیا کررہے ہیں کیونکہ دونوں سیٹ پر چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑنا جھگڑنا شروع کردیتے تھے اور پھر ان کی لڑائی کافی بڑی ہوجایا کرتی تھی'۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ منگنی کے بعد ان کی بس شادی ہونے کے قریب تھی لیکن سپر ہٹ فلم 'ہاں میں نے بھی پیار کیا' کی ریلیز کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔
واضح رہے کہ ابھیشیک بچن کی ایشوریا رائے سے 2007 میں شادی ہوئی اور دونوں کی ایک بیٹی ہے جب کہ کرشمہ کپور کی شادی 2003 میں ایک بزنس مین سنجے کپور سے ہوئی تھی جو کہ 2016 میں ٹوٹ گئی، کرشمہ کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہیں۔