اسپین: دنیا میں ایک دلچسپ جزیرہ ایسا بھی ہے جس کا مالک ملک ہر چھ ماہ بعد بدل جاتا ہے۔
فیزنٹ آئی لینڈ ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے جو بیداسوا دریا کے کنارے واقع ہے جو فرانس اور اسپین کے درمیان ایک قدرتی باڑ کا کام بھی کرتا ہے۔ 6820 مربع میٹر اس چھوٹے سے جزیرے پر کوئی نہیں رہتا کیونکہ اس پر سبزے کے علاوہ کوئی دوسری سہولت موجود نہیں۔ تاہم اس کی سیاسی اور تاریخی اہمیت بہت دلچسپ ہے۔
فرانس اور اسپین کی 30 سالہ جنگ کے بعد اس جزیرے کی ملکیت کا معاملہ پیش آیا تو دونوں طرف کی حکومتوں اور افواج نے اس کی ملکیت پر مذاکرات شروع کیے۔ گیارہ برس میں کل 24 اجلاس ہوئے اور ایک معاہدہ ہوا کہ یہ جزیرہ دونوں ملکوں کی ملکیت میں شامل رہے گا۔
پھر یوں ہوا کہ فرانس کے بادشاہ لوئی XIV نے ماریہ تھریسا سے شادی کرلی جو اسپین کے بادشاہ فلپ چہارم کی بیٹی تھیں۔ شادی کی یاد میں جزیرے پر ایک یادگار تعمیر کی گئی اور اسے امن کی علامت قرار دیا گیا اور فیصلہ ہوا کہ جزیرہ چھ ماہ فرانس اور چھ ماہ اسپین کی ملکیت رہے گا۔
تاہم اس سے قبل تاریخی طور پر یہ اسپین کی ملکیت میں تھا۔ تاہم عام شائقین صرف خاص مواقع پر ہی یہاں آسکتے ہیں۔ ان میں سال کے وسط کی تقریب سب سے اہم ہے جس میں فرانس اور اسپین دونوں ممالک کے سیاح شریک ہوتے ہیں۔ دونوں ممالک کی بحریہ یہاں کی نگرانی بھی کرتی ہے