مائیکل وان نے بھارتی ٹیم کو پرانے وقتوں کی ٹیم قرار دیدیا

 

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پہلے ون ڈے میں شکست کے بعد انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بھارتی ٹیم کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لے لیا۔


گزشتہ روز ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کی جانب سے دیا گیا 306 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 ویں اوور میں پورا کر لیا تھا۔



بھارتی ٹیم کی شکست پر سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم جعفر نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے کیوی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلیک کیپس نے 300 رنز کا ہدف ایسے پورا کیا جیسے 270 کا ہدف ہو۔

سابق بھارتی کرکٹر نے کیوی کپتان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ کین ولیمسن نے ہر بار کی طرح اپنی کلاس دکھائی لیکن میلہ ٹام لیتھم نے لوٹ لیا، کسی بھی اوپنر کے لیے نچلے آرڈر پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہوتا لیکن لیتھم یہاں بھی کامیاب رہے۔


وسیم جعفر نے بھارتی ٹیم کے حوالے سے لکھا کہ بھارت نے 5 بولرز کھلا کر غلطی کی۔


سابق بھارتی کرکٹر کی اس ٹوئٹ پر انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر مائیکل وان نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ (بھارتی ٹیم) ڈیٹڈ (پرانے وقتوں) کی ٹیم ہے، انہیں 7 نہیں تو کم از کم 6 بولنگ آپشنز استعمال کرنے چاہئیں۔

Previous Post Next Post