کراچی میں پولیس اہلکار کے قتل کا مرکزی ملزم واقعے کے بعدبیرون ملک فرار ہوگیا۔
ملزم کی بیرون ملک فرار کے وقت امیگریشن کاؤنٹر کی تصویر مل گئی جبکہ ڈیفنس میں پولیس اہلکار کے قتل کے ملزم کا امیگریشن ریکارڈ بھی موصول ہوگیا ہے۔
امیگریشن پر تصویر بناتے ہوئے ملزم پر اعتماد نظر آرہا ہے، ملزم نے بیرون ملک فرار ہونے کیلئے سوئیڈش پاسپورٹ کا استعمال کیا، ملزم صبح ساڑھے 3 بجے ائیرپورٹ پہنچا، 4:11 بجے امیگریشن کرائی، پرواز ٹی کے 709 تاخیر سے 7:18 بجے استنبول کیلئے روانہ ہوئی۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں خرم نامی شخص کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ کے مطابق ملزم خرم نثارکا آبائی گھرڈیفنس فیز 5 میں جائے وقوع کے قریب ہے، پولیس نے ملزم کے گھر چھاپہ مار کر اسلحہ اور دستاویزات برآمد کرلیں جب کہ چوکیدار کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
عرفان بلوچ نے بتایا کہ ملزم خرم نثار بیوی اور دو بچوں کے ساتھ سوئیڈن کا مستقل رہائشی ہے اور اس کا دوسرا بھائی فیملی کے ساتھ فیصل آباد میں مقیم ہے، واردات میں استعمال گاڑی گھر پر چھوڑ کر ملزم دوسری کار میں فرار ہوگیا ہے جب کہ گھر سے ملے ایک پستول کا فارنزک کرایا جا رہا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق والدین نے بیان دیا انہیں نہیں معلوم کہ خرم کہاں ہے، ان کا کہنا تھا کہ والدین نے بیان دیا کہ خرم سال میں ایک دفعہ پاکستان آتا ہے، خرم پاکستان آکرکیا کرتا ہے نہیں معلوم، خرم کی حرکتوں کے ہم بالکل بھی ذمہ دار نہیں ہیں۔