کراچی: فیڈرل بی صنعتی ایریا پولیس نے غفلت و لاپرواہی سے موٹر سائیکل چلانے والے معمر شخص کو گرفتار کرلیاہے۔
ملزم اپنی اہلیہ اور چھوٹے بچے کے ہمراہ انتہائی خطرناک انداز میں ہاتھ چھوڑ کو موٹر سائیکل چلاتے ہوئے راشد منہاس روڈ پر سہراب گوٹھ فلائی اوور کی طرف جارہا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معمر شخص کے ہمراہ ایک خاتون بچے کو گود میں لے کر برقع پہنے بیٹھی ہوئی ہے جبکہ معمر شخص انتہائی خطرناک انداز میں گاڑیوں کے درمیان سے موٹر سائیکل گزار رہا ہے اور ہاتھ چھوڑ کر کرتب دکھا رہا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کے خلاف غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔