سربراہ اومنی گروپ انور مجیدکے بیٹے خواجہ عبد الغنی مجید نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 9 ارب روپے ہرجانےکا لیگل نوٹس بھیج دیا۔
عبد الغنی مجیدکی جانب سے بھیجےگئے لیگل نوٹس میں کہا گیا ہےکہ آپ کی پارٹی کے رہنما اومنی گروپ پر غلط اور بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، 2019 میں موسمیاتی تبدیلی کی وزیر زرتاج گل ٹی وی شو میں شریک تھیں اور زرتاج گل نے شو میں کہا کہ عبدالغنی مجید نے نیب سے 9 ارب روپے کی پلی بارگین کی ہےجب کہ شو میں چوہدری منظور احمد بھی شریک تھے انہوں نے کہا تھا یہ عبد الغنی مجید کوئی اور ہے۔
عبد الغنی مجید کے مطابق زرتاج گل نے دعویٰ کیا کہ آصف زرداری کے شریک ملزم عبدالغنی مجید نے نیب سے پلی بارگین کرلی، عمران خان نے بھی 17 نومبر 2022 کو جلسے میں کہا کہ اومنی گروپ نے 9 ارب روپے کی پلی بارگین کرلی ہے، عمران خان نے تاثر دینےکی کوشش کی اومنی گروپ آصف علی زرداری کی ملکیت ہے۔
ان کا کہنا ہےکہ اومنی گروپ مجید فیملی کی ملکیت ہے، آصف علی زرداری کا اومنی گروپ سے کوئی تعلق نہیں، خواجہ عبدالغنی مجید یا اومنی گروپ نے نیب سے کوئی پلی بارگین نہیں کی ہے، پلی بارگین نہ کرنے کی تصدیق کئی مواقع پر نیب حکام بھی کرچکے ہیں، غلط اور جھوٹے الزامات کی وجہ سے اومنی گروپ کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہےکہ فوری طور پر الزامات واپس لےکر غیر مشروط معافی مانگی جائے اور ہرجانےکے طورپر 9 ارب روپے ادا کیے جائیں ، 14 دن میں معافی نہیں مانگی گئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔