ڈیڑھ ماہ کی عمر میں اغوا کی جانیوالی بچی 51 سال بعد والدین کو مل گئی

 امریکا میں گمشدہ افراد کے کیس میں تقریباً سب سے پرانا کیس بلآخر  نصف صدی بعد حل ہوگیا اور 51 سال قبل اغوا کی جانے والی بچی اپنے والدین سے مل گئی۔


امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق میلیسا ہائی اسمتھ کو 23 اگست 1971 میں ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ سے اغوا کیا گیا تھا جو کہ اب اپنے والدین سے مل گئی ہیں۔



رپورٹس کے مطابق میلیسا کی والدہ نے 1971 میں بچی کی دیکھ بھال کرنے والے شخص کے لیے اخبار میں اشتہار دیا جس کے بعد ایک خاتون نے ان سے نوکری کے لیے رابطہ کیا تھا اور نوکری کا آغاز کردیا۔


بعدازاں وہ خاتون بچی کو لے کر فرار ہوگئیں جس کے بعد  بچی کی تلاش کے لیے انتھک کوششیں کی گئیں جو رائیگاں گئیں۔


تاہم اب سوشل میڈیا پر اشتہارات کے باعث رواں  سال ستمبر میں اہلخانہ کو اشارہ ملا کہ ان کی بیٹی چارلسٹن میں موجود ہے۔ اہلخانہ نے ڈی این اے ٹیسٹ، پیدائشی نشان اور تاریخ پیدائش کی مدد سے یقینی بنایا کہ علاقے میں موجود خاتون ان کی ہی بیٹی ہے۔


غیر ملکی رپورٹس کے مطابق اہلخانہ نے بھی اس سے متعلق تصدیق کردی ہے کہ ان کی بیٹی میلیسا انہیں مل گئی ہے جب کہ میلیسا کو لاپتا کرنے والی خاتون سے متعلق فی الحال کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔


اس موقع پر میلیسا نے کہا کہ 'مجھے اپنے والدین سے مل کر جو خوشی ہوئی میں وہ لفظوں میں بیان نہیں کرسکتی، یہ دنیا کی خوبصورت احساسات میں سے ایک ہے'۔

Previous Post Next Post