بنگلور: بھارت میں ایک نجی انجینئرنگ یونیورسٹی میں ہونے والے کرکٹ میچ کے دوران پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے پر 3 طلبا کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ کالج نے ان کی رجسٹریشن بھی معطل کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلور میں ایک نجی انجینیئرنگ یونیورسٹی میں انٹر کالج کرکٹ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے دوران 3 طلبا آریان، دیناکر اور ریا نے ایک ٹیم جس کا نام پاکستان پر تھا کی حمایت کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا دیئے۔
دیگر طلبا نے اعتراض کیا تو نعرے لگانے والے طلبا رک گئے تاہم کچھ طلبا نے ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی جس پر کالج انتظامیہ نے طلبا سے معافی نامہ طلب کرکے ان کی رجسٹریشن معطل کردی۔
مودی سرکار نے اس پر بھی بس نہیں کیا۔ پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اور 505 (1) بی کے تحت مقدمہ درج کرکے طلبا کو حراست میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
طلبا نے بتایا کہ انھوں نے ایسا صرف مزاح کے لیے کیا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے کم عمر ہونے کے باعث طلبا کو ضمانت پر رہا کردیا۔