مقبوضہ یروشلم: اسرائیلی حکام کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس شہر میں دو الگ الگ دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہو گئے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس نے کہا کہ بدھ کی صبح ہونے والے واقعات میں فلسطینیوں کے حملوں کا شبہ ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق یہ دھماکے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ایک 16 سالہ فلسطینی نوجوان کی ہلاکت کے چند گھنٹے بعد ہوئے ہیں۔
پہلا دھماکہ صبح 7 بجے مقبوضہ بیت المقدس کے مغربی داخلی راستے پر ایک شاہراہ کے ساتھ ایک اسرائیلی بس اسٹیشن کے قریب ہوا جو عام طور پر مسافروں سے بھری ہوتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق پہلے دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوئے جن میں سے کم از کم دو کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسرا دھماکا آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت بعد شمالی یروشلم میں راموٹ جنکشن پر ہوا۔ حکام نے بتایا کہ چھرے سے 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا کے مطابق پولیس کا خیال ہے کہ پہلا دھماکا بس اسٹاپ پر موجود ایک سائیکل میں ہوا جس میں دھماکا خیز مواد تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ دونوں دھماکے دور سے کیے گئے تھے۔