24 سالہ شخص چند ماہ کے اندر بوڑھا کیوں نظر آنے لگا؟

 24 سال کی عمر میں لوگ بھرپور جوان ہوتے ہیں اور انہیں کوئی بھی انکل نہیں کہتا۔مگر چین میں ایک جوان ایسا ہے جس کی عمر تو 24 سال ہے مگر اسے انکل کہا جاتا ہے، جس کی وجہ اس کے چہرے میں بہت کم مدت میں آنے والی حیران کن تبدیلیاں ہیں۔چینی میڈیا کی رپورٹ میں اس شخص کا نام تو ظاہر نہیں کیا گیا مگر وہاں کے ایک مقامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کی کہانی وائرل ہوئی ہے۔



اس شخص کو دیکھ کر بیشتر افراد کو لگتا ہے کہ وہ درمیانی عمر کا ہے۔چینی صوبے ہیبئی سے تعلق رکھنے والے شخص کے شناختی کارڈ کے مطابق اس کی پیدائش دسمبر 2000 میں ہوئی تھی۔پہلے تو وہ اپنی عمر کے مطابق جوان ہی نظر آتا تھا مگر شمالی اور مغربی چین کے مختلف مقامات پر ہائیکنگ کے بعد وہ اپنی عمر سے کافی بڑا نظر آنے لگا۔

خاص طور پر تبت کے سطح مرتفع کی بلند و بالا پہاڑیوں اور وہاں سخت الٹرا وائلٹ شعاعوں کے باعث اس کی شخصیت پر نمایاں منفی اثرات مرتب ہوئے۔اس شخص نے بتایا کہ اکیلے سفر سے قبل اس کی محبوبہ اسے چھوڑ گئی تھی جس کے باعث وہ بہت زیادہ ڈپریشن کا شکار ہو چکا تھا اور معمول کی زندگی سے بیزار ہوچکا تھا۔

اس نے ایک لکڑی کے ٹھیلے پر اپنی ضرورت کا سب سامان لادا اور ایک آوارہ کتے کے ساتھ سفر پر نکل گیا۔اس سفر کا مقصد اپنے ذہن کو تمام منفی خیالات سے پاک کرنا تھا اور وہ فروری 2024 کے آخر میں گھر سے نکلا۔اب اسے ملنے والے افراد اسے پہلی بار ملنے پر انکل یا بڑا بھائی کہتے ہیں۔

اس کے مطابق 'میں لوگوں کو اپنا شناختی کارڈ دکھا کر بتاتا ہوں کہ میری پیدائش 2000 میں ہوئی تھی مگر زیادہ تر افراد مجھ پر یقین نہیں کرتے'۔اس نے مزید بتایا کہ 'اب میں نے یہ مان لیا کہ زیادہ تر افراد اس بات پر یقین نہیں کرتے میری عمر 24 سال ہے'۔

اس کا کہنا تھا کہ سطح مرتفع کی بلندی پر سورج کی تیز روشنی کے باعث وہ قبل از وقت گنج پن کا شکار ہو چکا ہے جبکہ سورج کی شعاعوں نے بالوں کی جڑوں کو نقصان پہنچایا۔اسے بیشتر افراد اپنی جِلد کی نگہداشت کا مشورہ دیتے ہیں مگر وہ اسے قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔اس کے مطابق 'ایسا کرنے کا فائدہ کیا ہے، مجھے لگتا ہے کہ اب میں ٹھیک ہوں'۔

Previous Post Next Post