حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو میڈیارائٹس کی فروخت سے روکتے ہوئے ہر بڑے فیصلے سے قبل منظوری لینا لازمی قرار دے دیا۔
حکومت کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو صرف روز مرہ کے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ایس ایل کا انعقاد فروری میں ہونا ہے اور تاحال میڈیا رائٹس کی فروخت نہیں ہو پائی۔
بورڈ نے اس پر کام شروع کیا تو حکومت کی جانب سے خط موصول ہوگیا جس میں پہلے اجازت طلبی کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ذکا اشرف نے اس معاملے پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی خاطر اپنا دورہ آسٹریلیا مؤخر کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس فروخت کیے جانے ہیں، اس فروخت میں جتنی دیر ہوگی اس کی قیمت اتنی ہی کم ہوتی جائےگی، حکومت کو اصل اعتراض طویل المدتی معاہدوں پر ہے۔
پی سی بی کو یاد دہانی کرا ئی گئی ہےکہ وہ انتہائی ضروری مختصر المیعاد کنٹریکٹ کرے جس کا اسے اختیار حاصل ہے، اب اس حوالے سے حکومت کو تمام طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے اجازت طلب کی جائےگی۔
یاد رہے کہ براڈ کاسٹ سمیت پی ایس ایل 9 اور 10 یعنی دو سال کے لیے ٹینڈرز پر کام روک دیا گیا ہے، طریقہ کار کے مطابق بڈر کی پہلے ٹیکنیکل اور پھر فنانشل بڈ کا جائزہ لینے کے بعد معاہدہ کیا جاتا ہے۔