لاہور میں پولیس نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرانےکی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹیگیشن عمران کشور نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 9 مئی کے 336 ملزمان کی تلاش جاری ہے، قانون کے مطابق ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرانےکی کارروائی شروع کردی ہے۔
عمران کشور کے مطابق اشتہاری ملزمان میں پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکن شامل ہیں، 9 مئی کے 14 پرچے درج کیےگئے تھے۔ڈی آئی جی انویسٹیگیشن کا مزید کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر ہونے والے واقعےکی مشترکہ تفتیش جاری ہے، مختلف ٹیمیں کیس پر تفتیش کر رہی ہیں، ابھی کچھ کہناقبل ازوقت ہے، سی ٹی ڈی کے ساتھ مل کر ہماری ٹیمیں بھی کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انویسٹیگیشن پولیس نے رواں سال کے ایک لاکھ 77 ہزار 99 مقدمات کے چالانوں سمیت گزشتہ سالوں کے کل 4 لاکھ 92 ہزار 898 چالان عدالتوں میں جمع کروائے ہیں اور خطرناک ملزمان سمیت کل 2 لاکھ 53 ہزار 32 ملزمان گرفتار کیے ہیں۔