بھارت میں جم کے مالک کی لاپرواہی کے سبب انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس نے 24 سالہ نوجوان کی جان لے لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ شمال دہلی کے علاقے روہنی میں پیش آیا جہاں سکشم پروٹھی نامی شہری جم میں ٹریڈ مل پر بھاگ رہا تھا کہ اسے کرنٹ لگ گیا جس کے بعد وہ جانبر نہ ہوسکا۔
جم کے مالک پر لاپرواہی کا الزام عائد کیا گیا ہے جس کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
24 سالہ سکشم پروٹھی بی ٹیک گریجویٹ تھا اور گروگرام میں ایک کمپنی میں کام کرتا تھا، وہ روز اس جم میں ورزش کے لیے آتا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ منگل کو صبح تقریباً 7.30 بجے پیش آیا، کرنٹ لگنے کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کی۔
سکشم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پولیس نے موت کی وجہ کرنٹ لگنے کی تصدیق کی اور اہل خانہ کو اس کی اطلاع دی۔