حاجی ثنا اللہ سمیت پاکستانیوں کی دعاؤں سے آئی ایم ایف کے امتحان سے نکلے: وزیراعظم

 وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حاجی ثنا اللہ سمیت لاکھوں پاکستانیوں کی دعاؤں سے پاکستان عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے امتحان سے نکلا۔



اسلام آباد میں شاہین چوک فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا آئی ایم ایف پروگرام ہمارے لیے حلوہ نہیں بلکہ بہت سخت پروگرام ہے۔


ان کا کہنا تھا ہماری اجتماعی کاوشوں کی بدولت آج ریاست بچ گئی، ہم نے مجبوراً آئی ایم ایف پروگرام کو قبول کیا، ہم نے سیاست کو داؤ پر لگایا اور ریاست کو بچایا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا حاجی ثنا اللہ سمیت لاکھوں پاکستانیوں کی دعاؤں سے پاکستان آئی ایم ایف کے امتحان سے نکل آیا ہے، امید ہے کہ آج آئی ایم ایف کا بورڈ پاکستان کے پروگرام کی منظوری دے دیگا۔


شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان کی معاشی بحالی کا پروگرام تیار کیا جا رہا ہے، مسلح افواج بھی معاشی بحالی کے پروگرام میں شریک ہیں۔


ان کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ نے دھاندلی زدہ الیکشن سے اقتدار پر بٹھایا، چیئرمین پی ٹی آئی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پاکستان دشمنی پر اترے ہوئے ہیں، 4 سالوں میں معیشت کا بیڑا غرق کرنے کے لیے ملک دشمتی کی، چار سال دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والے نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی جیب میں رکھ لی، 190 ملین پاؤنڈ کا اسکینڈل بھی سب کے سامنے ہے۔


وزیراعظم کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کے حق میں اسرائیل نے بیان دیا، فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والا اسرائیل کہتا ہے پاکستان میں ظلم ہو رہا ہے۔


آئی ایم ایف نے جو ٹف ٹائم دیا اس میں بھی وزیراعظم سرخرو ہوئے: وزیر داخلہ

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حال ہی میں حج کی سعادت حاصل کرنے والے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا وزیراعظم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، تکبر اور غرور کی سیاست سرنگوں ہو چکی ہے۔


رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا جھوٹ اور تکبر کے بیانیے کا خاتمہ ہو چکا ہے، پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ ملک کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلا جائے، ہمارے پاس ایک سال کا عرصہ تھا، مسائل بے پناہ تھے، آئی ایم ایف نے جو ٹف ٹائم دیا اس میں بھی وزیراعظم سرخرو ہوئے۔

Previous Post Next Post