ورلڈکپ: ہوٹلز کے کرائے آسمان پر، شائقین نے پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کیلئے نیا طریقہ ڈھونڈ لیا

 اکتوبر میں شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ٹاکرے کے لیے شائقین کرکٹ کا جوش و خروش عروج پرپہنچ گیا۔



احمد آباد میں ہوٹلز کے کرائے آسمان کو چھونے لگے جبکہ عام ہوٹل میں بھی کمرے کا کرایہ 50 ہزار روپے سے زیادہ ہو چکا ہے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ فینز نے پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے اور شائقین نے دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر پاک بھارت میچ کا مزہ لینے کے لیے اسپتالوں میں کمروں کی بکنگ کروانا شروع کر دی ہے۔

احمد آباد میں اسپتال میں کمروں کی بکنگ کے بارے میں انکوائریز بڑھ گئی ہیں اور اس حوالے سے مقامی ڈاکٹرز کا کہنا ہے عوام کی طرف سے چیک اپ کی خاطر کمروں کی بکنگ کا پوچھا جا رہا ہے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق اسپتال میں مریضوں کا چیک اپ بھی ہو گا اور میچ سے قبل ایک رات کا قیام بھی ہو گا، اسپتال میں کمرے کی بکنگ کا کرایہ بھی کم ہے جس سے پیسوں کی بھی بچت ہو گی۔


خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 رواں برس اکتوبر میں بھارت میں شیڈول ہے اور روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا۔

Previous Post Next Post