پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے بتایا ہے کہ ایک مرتبہ شرارت کرتے ہوئے بالی وڈ کے کھلاڑی اکشے کمار نے ان پر قیمتی گھڑی چوری کرنے کا الزام عائد کر دیا تھا۔
اگر ہم یوں کہیں کہ اکشے کمار بالی وڈ کے سب سے شرارتی اداکار ہیں تو غلط نہ ہوگا، ان کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر آئے دن وائرل رہتی ہیں جہاں وہ کبھی فلم کے سیٹ پر دیگر اداکاروں یا عملے سے مذاق کرتے نظر آتے ہیں تو کبھی کامیڈی شو 'دی کپل شرما شو' کے اداکاروں کے ساتھ اس نوعیت کا مذاق کرتے ہیں کہ سب پریشان ہوجاتے ہیں۔
تاہم کچھ ماہ قبل نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران جاوید شیخ نے بالی وڈ انڈسٹری میں کام کا تجربہ شیئر کیا، اداکار اب تک کئی بالی وڈ فلموں میں کام کرچکے ہیں، انہوں نے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور اکشے کمار کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔
انہوں نے ماضی کا ایک یادگار قصہ سنایا اور بتایا کہ اکشے کمار اور شاہ رخ انتہائی عاجز انسان ہونے کے ساتھ شرارتی بھی ہیں اور فلم کے سیٹ پر ان کی شرارتوں کے قصے سنائے جاتے ہیں۔
سینئر اداکار نے اکشے کمار اور اپنا ایک واقعہ سنایا اور کہا کہ ہماری فلم کی شوٹنگ چل رہی تھی، سیٹ پر میرے پاس ایک سونے کی گھڑی تھی جس نے اکشے کمار کی توجہ حاصل کرلی، اکشے نے مزاحیہ انداز میں یوں اداکاری کی جیسے یہ گھڑی اس کی ہو اور میں نے چوری کرلی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ اکشے کمار نے اس موقع پر ملازم لڑکے پر چیختے ہوئے کہا کہ میں نے تم سے کہا تھا کہ میری گھڑی جاوید صاحب کو نہیں دینا، کیوں دی انہیں؟
جاوید شیخ کے مطابق اکشے کمار کے مذاق سے چند لمحوں کے لیے ٹیم ممبر حیران ہوگئے لیکن پھر پرینک سمجھ آنے پر ان کے قہقہے چھوٹ گئے۔
واضح رہے کہ جاوید شیخ نے بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی عائد ہونے سے قبل 2016 میں شاہ رخ خان کے ساتھ اوم شانتی اوم اور نمستے لندن میں اکشے کے ساتھ کام کیا تھا۔
وہ آخری بار میکال ذوالفقار، فواد خان، عائشہ عمر اور وسیم اکرم کے ساتھ اس سال کے شروع میں فلم منی بیک گارنٹی میں نظر آئے تھے۔