بوسٹن: امریکی ارب پتی شخص رابرٹ ہیل نے میساچیوسیٹس یونیورسٹی کی تقریبِ تقسیمِ اسناد میں شریک کامیاب طلباوطالبات کو اس وقت حیران کردیا جب انہوں نے ہر طالب علم کو فی کس ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا۔
گرینائٹ ٹیلی کمیونکیشن اور پانچ ارب ڈالر اثاثوں کے مالک رابرٹ ہیل اچانک ڈائس پر آئے اور انہوں نے تمام ڈھائی ہزار کامیاب گریجویٹس کو مبارک باد دیتے ہوئے یہ نوید سنائی کہ وہ ہر طالب علم کو دو لفافے دے رہے ہیں جن میں مجموعی طور پر ہزار ڈالر کی رقم برابر رکھی گئی ہے۔ ایک لفافہ ان کا انعام ہے اور دوسرے لفافے کے پانچ سو ڈالرسے وہ کسی ایسے ہی بچے کی مدد کرسکتےہیں۔ اس طرح چند منٹوں میں انہوں نے پینتیس لاکھ ڈالر کی رقم تقسیم کردی ۔
اس کے بعد رابرٹ کے معاونین نے تمام طلباوطالبات میں یہ رقم تقسیم کردی اور ہر بچے کو دو لفافے دیئے گئے۔ رابرٹ نے کہا کہ اس وقت مشکل لمحات ہیں، جس میں آپ اپنی محنت سے نہ صرف کامیاب رہے بلکہ ترقی کی اور یوں اس کاجشن ہونا چاہیے۔ انہوں نے سب سے کہا کہ وہ نصف رقم خود رکھ لیں اور بقیہ نصف اپنے جیسے کسی ایسے طالبعلم کو دیں جو جدوجہد کررہا ہو۔
واضح رہے کہ رابرٹ ہیل کرہ ارض پر پانچ سو پچاس امیر ترین افراد میں بھی شامل ہیں اور انہیں فوربز میگزین نے غیرمعمولی سی ای او بھی قرار دیا ہے۔