کراچی: شہر قائد کے علاقےعیسیٰ نگری میں پولیس موبائل میں بکرا لے جانے اور شراب خانے سے شراب لینے والے اہلکاروں کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
شہر قائد میں قائم عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں سادہ لباس اہلکار پولیس موبائل میں بکرا لے جارہے تھے جبکہ انہوں نے شراب خانے پر رک کر بوتلیں بھی خریدیں، اس سارے معاملے کی ویڈیو بنانے پر اہلکاروں نے نجی ٹی وی سے وابستہ کرائم رپورٹر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں تاہم جب ویڈیو انٹرنیٹ پر شیئر ہوئی تو یہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ افسران نے مذکورہ پولیس موبائل اور اس میں سوار وردی اور سادہ لباس اہلکاروں کی تلاش شرع کر دی جبکہ واقعہ سے متعلق نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر اورنگزیب جبار کی جانب سے درخواست عزیز بھٹی تھانے میں جمع کرا دی گئی۔ بعد ازاں کرائم رپورٹر ایسوسی ایدشن کے عہدیدار بھی تھانے پہنچ گئے اور اعلیٰ پولیس افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعہ کی غیر جانبدار تحقیقات کرائیں اور واقعئ میں ملوث سفید رنگ کی پولیس موبائل میں سوار باوردی اور سادہ لباس اہلکاروں کو سراغ لگایا جائے۔
رپورٹر کے مطابق عیسیٰ نگری کے قریب سفید رنگ کی پولیس موبائل میں بکرا بندھا دیکھ کر اس کی ویڈیو بنائی اس دوران پولیس موبائل عیسیٰ نگری کے قریب شراب اسٹور پر رکی ایک سادہ لباس اہلکار شراب لیکر آیا اس دوران میں نے انھیں اپنا تعارف کرایا اور معلوم کیا کہ پولیس موبائل کس کی ہے جس پر اس نے بتایا کہ اسپیشل برانچ کی موبائل ہے ۔
رپورٹر نے بتایا کہ ویڈیو بنانے پر وہ مشتعل ہوگیا اور جان سے مارنے سمیت دیگر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، عزیز بھٹی پولیس نے درخواست وصول کرنے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور وہاں پر موجود افراد کے بیانات بھی قلمبند کیے جبکہ بکرے فروخت کرنے والے سے بھی اس ضمن میں معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔