بھارت کے سابق کرکٹر سنجے منجریکر اور سابق آسٹریلوی کرکٹر ٹام موڈی نے پاکستان کے کچھ اسٹارز کرکٹرز کا انتخاب کیا ہے اور بتایا ہے کہ اگر پاکستانی کرکٹرز آئی پی ایل کھیلیں تو کون سے کھلاڑی مہنگے داموں فروخت ہوسکتے ہیں۔
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ابتدائی سیزن میں پاکستان کے کئی کھلاڑی اس لیگ کا حصہ تھے جن میں شاہد آفریدی، شعیب اختر، شعیب ملک، کامران اکمل اور محمد آصف شامل تھے تاہم دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات کے باعث پاکستانی کرکٹرز پر آئی پی ایل کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
اب ایک بھارتی پروگرام میں تجزیہ کرتے ہوئے سنجے منجریکر اور ٹام موڈی نے ان پاکستانی کرکٹرز کا نام بتایا ہے جو اس لیگ میں مہنگی ڈیل کرسکتے ہیں۔
سنجے منجریکر نے کہا 'حارث رؤف دنیا کے بہترین ڈیتھ اوور بولرز میں سے ایک ہیں، ان کی اسی صلاحیت کے باعث وہ آئی پی ایل کے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوں گے، میں پاکستانی کرکٹرز میں بیٹرز سے زیادہ بولرز کا انتخاب کرنا پسند کروں گا'۔
منجریکر نے مزید کہا کہ 'فخر زمان میں بھی کئی ٹیمیں دلچسپی ظاہر کرسکتی ہیں، محمد رضوان وہ ہوں گے جس سے ٹیم میں واضح اور نمایاں فرق آئے گا، کبھی کبھی جب بابر اور رضوان ایک ساتھ کھیل رہے ہوتے ہیں تو مجھے فکر شروع ہوجاتی ہے'۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ٹام موڈی نے کہا 'شاہین آفریدی، بابر اعظم، رضوان اور شاداب خان، پاکستان کے پاس بہت سارے لاجواب کھلاڑی ہیں، خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں'۔
ٹام موڈی کے مطابق 'ان میں سے شاہین شاہ آفریدی نمبر ون چوائس ہوگی'۔
واضح رہے کہ 2008 میں، کامران اکمل، یونس خان اور سہیل تنویر راجستھان رائلز کی ٹیم کا حصہ تھے جس نے آئی پی ایل کا افتتاحی ایڈیشن جیتا تھا۔