واشنگٹن: امریکی ریاست آرکنساس کے ایئرپورٹ کے رن وے پر کھڑے مسافر طیارے پر آسمانی بجلی گر گئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست آرکنساس کے ایئرپورٹ پر امریکی ایگل کا مسافر بردار طیارہ خراب موسم میں رن وے پر اترا۔ اس وقت ہلکی بارش ہو رہی تھی اور آسمان پر بجلیاں کڑک رہی تھیں۔
مسافر بھی ہاتھوں میں چھتری لیے جہاز سے اترنے کی تیاری کر رہے تھے۔ بجلی کڑکنے کی زور دار آوازوں سے پورا ایئرپورٹ گونج رہا تھا۔ اسی دوران اک آن میں آسمانی بجلی طیارے کی دم پر گر گئی۔
اس خوفناک منظر کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگئی۔ کسی نے ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔
امریکی ایوی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ طیارے سے مسافر بحفاظت اتر گئے تھے۔ بجلی گرنے کے بعد تکنیکی ماہرین نے طیارے کی جانچ پڑتال کی۔ طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔