کولوراڈو: امریکا کے کنزیومر پروڈکٹ سیفٹی کمیشن (سی پی ایس سی) نے نوزائیدہ بچوں کے والدین یا انکی دیکھ بھال کرنے والوں کو چھوٹے بچوں کیلئے بنائے گئے مخصوص بستر کا استعمال بند کرنے کا کہا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوبورن لاؤنجرز کی وجہ سے 2 بچوں کی افسوسناک موت کے بعد سی پی ایس سی نے ایک بار پھر وارننگ جاری کی ہے کہ ایسے بستروں کو خریدنے سے پرہیز کریں۔
لاؤنجرز تیار کرنے والی دی بوبی کمپنی نے ادارے کی جانب سے دیے گئے الرٹ کی حمایت کی اور بتایا کہ لاؤنجر میں اگر نوزائیدہ لڑھک کر الٹا ہوجائے، حرکت کرے یا بستر ایسی پوزیشن میں رکھا ہو جس سے سانس لینے میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہو تو بچے کا دم گھٹنے کا خطرہ ہے۔
اس سے پہلے دوہزارپندرہ اور دوہزار بیس کے درمیان نیوبورن لاؤنجرز کیوجہ سے آٹھ بچوں کی اموات ہوئی تھیں جس کے بعددوہزار اکیس میں تیس لاکھ سے زیادہ لاؤنجرز کو دکانوں سے واپس اٹھا لیا گیا تھا اور ان کی خرید و فروخت کو غیرقانونی قرار دیا گیا تھا تاہم آن لائن مارکیٹنگ بحال رکھی گئی تھی۔