کولیسٹرول کم کرنے کے لیے ناشتے میں کیا کھائیں؟

 کراچی: کولیسٹرول کئی بیماریوں کی ہولناک جڑ ہے اور یہی وجہ ہے کہ بالغ افراد کو اس کا خیال رکھنا چاہیے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر صبح کے ناشتے میں احتیاط کی جائے تو کولیسٹرول میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے۔



کولیسٹرول سے خون گاڑھا ہوجاتا ہے اور اس کی روانی پر فرق پڑتا ہے۔ اس سے خون کے لوتھڑے بنتے ہیں جو بلڈ پریشر، فالج اور دل کے امراض کی وجہ بنتے ہیں۔ اس ضمن میں صبح کا ناشتہ بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔

پاک و ہند میں ناشتے میں حلوہ پوری، پراٹھے اورمرغ چھولے بھی کھائے جاتے ہیں جو معدے کو تو بھردیتے ہیں لیکن کولیسٹرول کی وجہ بھی بنتے ہیں۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کے بعض غذائیں اپنا کر کولیسٹرول کم کیا جاسکتا ہے۔

مکمل اناج اور دلیہ


جئی کا دلیہ ایک طاقتور غذا ہے جسے ڈبہ بند سیریئل کی صورت میں خرید کر ناشتے کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ یہ غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس میں حرارے کم ہوتے ہیں لیکن ریشوں (فائبر) کی وجہ سے یہ پورے جسم کے لیے انتہائی مفید ہوتا ہے۔ اس میں من پسند موسمی پھل مثلاً اسٹرابری، آم، بلیو بیری اور کیلے کے ساتھ ملاکر بھی کھایا جاسکتا ہے۔ کئی سائنسی تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ اوٹ میل ایل ڈی ایل کولیسٹرول کم کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتا ہے۔


مگرناشپتی


ایواکیڈویا مگرناشپاتی اب پاکستان میں بھی دستیاب ہے۔ اسے سپرفوڈ کا درجہ بھی حاصل ہے۔ امریکہ اور دیگرممالک میں اس کا لیپ انڈے کے ساتھ ملاکر کھایا جاتا ہے۔ اس سے آملیٹ بھی بنایا جاتا ہے۔ مگرناشپتی میں سیرشدہ چکنائیوں سے کوئی نقصان نہیں ہوتا۔ دوسری جانب کئی طرح کے اینٹی آکسیڈنٹس پورے بدن کو توانائی پہنچاتے ہیں۔


دہی اور بیریاں


دہی میں کئی خردنامئے ایسے ہیں جو کولیسٹرول گھٹانے میں مددگار ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹرابری اور بلیو بیری بھی کولیسٹرول کم کرتی ہیں۔ انہیں دہی میں ڈال کر کھانے سے تاثیر بڑھ جاتی ہے اور کئی امراض کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔

Previous Post Next Post