البرٹا: کینیڈا جیسے ترقی یافتہ ملک کے سوئمنگ پول میں بھی بڑے پیمانے پرانسانی پیشاب کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
جامعہ البرٹا نے اس ضمن میں کینیڈا کے دو بڑے شہروں کا سروے کیا ہے۔ سروے میں 31 چھوٹے بڑے سوئمنگ پول میں پانی کے 250 نمونے جمع کئے گئے۔ بعد ازاں تجربہ گاہ میں ان کا تجزیہ کیا گیا ہے۔
شائع شدہ نتائج کے تحت اولمپک سائز سوئمنگ پول سے ایک تہائی یعنی 830000 لیٹر والے سوئمنگ پول میں 75 لیٹر تک پیشاب موجود ہوسکتا ہے۔ جبکہ اس سے چھوٹے سوئمنگ پول میں اوسطاً 30 لیٹر تک پیشاب کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
یہ تحقیق جرنل آف اینوائرمینٹل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لیٹرز میں شائع ہوئی ہے۔ اس میں زور دیا گیا ہے کہ اس رحجان کو ختم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ انسانی سرگرمی سے سوئمنگ پول کے صاف پانی میں طرح طرح کے کیمیائی اجزا اور جراثیم بھی جمع ہورہے ہیں۔ اس سے انسانی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔