یونان کشتی حادثے کے متاثرین میں 50 سے زائد پاکستانی نوجوان شامل

  اسلام آباد: یونان کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی کے زندہ بچ جانے والوں میں بارہ پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی۔



ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ فی الوقت ہم جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔ یونان میں پاکستانی مشن سفیر عامر آفتاب کی سربراہی میں مقامی حکام سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت، لواحقین کو امداد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام سے رابطہ ہے. ہمارا مشن 78 برآمد شدہ لاشوں کی شناخت کے عمل میں یونانی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہے. شناخت کا یہ عمل قریبی خاندان کے افراد (صرف والدین اور بچوں) کے ساتھ ڈی این اے میچنگ کے ذریعے انجام پائے گا.

انہوں نے کہا کہ بدقسمت کشتی پر سوار ممکنہ مسافروں کے اہل خانہ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ تصدیق کے مقاصد کے لیے یونان میں ہمارے مشن سے 24/7 ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کریں. اہل خانہ تصدیق شدہ لیبارٹریوں سے ڈی این اے رپورٹس اور مسافر کی شناختی دستاویزات  شیئر کریں۔

جن 12 پاکستانیوں کو بچالیا گیا ان میں ضلع کوٹلی کے محمد عدنان بشیر ولد محمد بشیر، حسیب الرحمان ولد حبیب الرحمان، محمد حمزہ ولد عبدالغفور، گوجرانوالہ کے عظمت خان ولد محمد صالح، عرفان احمد ولد شفیع (ہسپتال میں داخل)عمران آرائیں ولد مقبول (ہسپتال میں داخل) گجرات کے محمد سنی ولد فاروق احمد اور ذیشان سرور ولد غلام سرور، شیخوپورہ کے زاہد اکبر ولد اکبر علی اور مہتاب علی ولد محمد اشرف ، منڈی بہاؤالدین کے رانا حسنین ولد رانا نصیر احمد، سیالکوٹ کے عثمان صدیق ولد محمد صدیق شامل ہیں۔

Previous Post Next Post