محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان 15 جون کی صبح تک کیٹی بندر (سندھ) اور گجرات (بھارت) کے درمیان ٹکرا سکتا ہے، بحیرہ عرب میں موجود طوفان بائپر جوائے کے پیشِ نظر کراچی پورٹ پر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
کراچی کے ساحل پر دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے باعث لہریں 8 سے 10 فٹ بلند ہوسکتی ہیں، ماہی گیر آج سے کھلے سمندر میں نہ جائیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق طوفان بائپر جوائے کراچی کے جنوب سے 770 کلومیٹر دور ہے، جب کہ ٹھٹہ کے جنوب سے 750 کلومیٹر دورہے، طوفان اورماڑہ کے جنوب مشرق سے 860 کلومیٹرکےفاصلے پرہے۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بائپر جوائے ایکسٹریملی سیویر سائیکلونک اسٹارم بن چکا ہے، اس میں مزید شدت آگئی ہے،طوفان کا یہ سسٹم شمال کی جانب بڑھتا رہے گا، سسٹم کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 140 سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، سسٹم کے مرکز اور اطراف میں لہریں 30 سے40 فٹ بلندہورہی ہیں۔
دوسری جانب پابندی کے باوجود لوگ ساحل پر موجود ہیں اورمچھلی کا شکار کررہے ہیں، پابندی کے باوجود ماہی گیر بھی سمندر میں لانچوں کے ساتھ موجود ہیں۔