ورجینیا: آگر آپ خوشبودار صابن سے بہت سارا جھاگ بنا کر ہاتھ منہ دھورہے ہیں تو اس کا امکان ہے کہ مچھرآپ کی جانب زیادہ راغب ہوں گے اور قریب آکر کاٹ بھی سکتے ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ صابن کے کیمیائی اجزا تیز خوشبو رکھتے ہیں اور وہ اسی خوشبو کے دوش پر قریب آکر انسانوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
ایک تحقیق کے مطابق پھولوں کی خوشبو والے صابن سے نہانے یا منہ دھونے پر آپ کا وجود مچھروں کے سامنے نمایاں ہوجاتا ہے۔ اس ضمن میں چار مشہور برانڈ کے صابن آزمائے گئے ہیں۔
ورجینیا پولی ٹیکنک یونیورسٹی اور اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق جب مچھروں کو خون نہیں ملتا تو وہ پھولوں کے رس چوس کر اپنی غذائی کمی یا شکریات کی ضرورت پوری کرتےہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پھلوں اور پھولوں کی خوشبو والے صابن گویا انہیں احساس دلاتے ہیں کہ یہاں پھل یا پھول موجود ہے۔ اس طرح آپ انہیں اس طرح راغب کرتے ہیں جس طرح ہم بھوک میں کھانے کی خوشبو سے اس کی جانب لپکتے ہیں۔
جرنل آئی سائنس میں شائع رپورٹ کے مطابق ماہرین نے ڈَو، ڈائل، نیٹوو اور سمپل ٹرتھ صابن سے کپڑے کے ٹکڑوں کو دھویا۔ لیکن تین صابن یونی ڈو، ڈائل اور سمپل ٹرتھ والے کپڑوں پر زیادہ مچھر منڈلائے لیکن حیرت انگیز طور پر ناریل کے تیل یا خوشبو والے نیٹوو صابن پر بہت ہی کم مچھر آئے۔
اس سے ایک بات یہ معلوم ہوئی کہ پھولوں کی تیز خوشبو والے صابن سے منہ یا ہاتھ پیر دھونے سے مچھر راغب ہوسکتے ہیں۔ دوم ناریل کی خوشبو مچھروں کو دور رکھ سکتی ہے۔ اگلے مرحلے میں ماہرین اس پر مزید تحقیقات کریں گے۔