بیوی کے مقابلہ حسن ہارنے پر شوہرنے فاتح سے تاج چھین لیا

 برازیلیا: مقابلہ حسن میں بیوی کو پہلی پوزیشن نہ ملنے پر شوہر آپے سے باہر ہوگیا اور فاتح خاتون سے تاج چھین کر زمین پر پٹخ دیا۔



انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ برازیل میں مقابلہ حسن کے دوران فائنل میں پہنچنے والی نتھالی بیکر اور ایمانیولی بیلینی میں سے کسی ایک کو تاج پہنانے کیلئے ایک خاتون نتیجہ سنتی ہیں اور جیسے ہی فاتح کا فیصلہ ہوتا ہے تو وہ مقابلہ جیتنے والی ایمانیولی بیلینی کو تاج پہنانے لگتی ہیں کہ اسی دوران دوسرے نمبر پر آنیوالی نتھالی بیکر کا شوہر اسٹیج پر آکر خاتون کے ہاتھ سے تاج کھینچ کر زمین پر پٹخ دیتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شوہر اسٹیج پر ہنگامہ آرائی کے بعد اپنی بیوی کا ہاتھ پکڑ کر وہاں سے جانے لگتا ہے تاہم سیکیورٹی اسٹاف بھی وہاں پہنچ کر اسے اسٹیج کے پیچھے لے جاتا ہے جبکہ زمین پر گرنے سے تاج  کئی ٹکڑے ہوگیا، اسٹیج پر ہونیوالی غیر متوقع صورتحال سے تقریب کے شرکاء بھی ششدر رہ گئے۔

مقابلہ حسن کے منتظمین نے واقعے سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنی “قانونی ٹیم” کو مجرمانہ واقعے کے بارے میں آگاہ کر دیا ہے اور ملوث شخص کے خلاف ضروری قانونی اقدامات کیے جائیں گے، ہم خاتون کیساتھ بھی ہمدردی رکھتے ہیں کیونکہ وہ اپنے شوہر کے پاگل پن کی ذمہ دار نہیں ہے۔

Previous Post Next Post