بیالیس فٹ لمبی مردہ بلیو وہیل گوادر کے ساحل پر آگئی

 گوادر کے علاقے جیوانی کے قریب ساحل پر  بلیو وہیل مردہ حالت میں پائی گئی ہے، وہیل کی لمبائی تقریباً 42 فٹ ہے،  ہلاکت کی وجہ کاتعین نہیں ہوسکا ہے۔



ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی عبدالرحیم کے مطابق مردہ بلیو  وہیل جیوانی کےعلاقے بندری کے ساحل پر پائی گئی ہے، وہیل کی لمبائی تقریباً 42 فٹ ہے ، وزن کااندازہ نہیں تاہم بڑی جسامت کی حامل ہے، ساحل کےقریب پائی گئی بلیو وہیل کی ہلاکت کی وجہ کاتعین نہیں ہوسکا، وہیل کی دم کی طرف گہرے زخم کےنشانات ہیں اور بظاہر لگتا ہے وہیل شپ یا کسی بھاری چیز کےٹکرانے سے زخمی ہوئی ہے۔


عبدالرحیم بلوچ کے مطابق بلیو وہیل کو  پہلے بھی مکران کے ساحلوں میں اکثر دیکھا گیا ہے، گوادر کے سمندر میں 10 اقسام کی وہیلز  پائی جاتی ہیں، بلیو وہیل بھی گوادر کےسمندر میں پائی جانی والی منفرد وہیلز میں شامل ہے۔


ترجمان گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق مردہ بلیو وہیل کی باقیات یعنی ڈھانچے کو محفوظ کیاجائےگا اور  اسے گوادر میں جی ڈی اے پارک میں ڈسپلے کیا جائے گا۔


ماہر آبی حیات عبدالرحیم بلوچ کے مطابق نیلی وہیل ایک سمندری ممالیہ جانور ہے، مکران کے ساحلوں میں اکثر دیکھا گیا ہے، یہ اپنی منفرد جسامت کے بدولت اب تک کا سب سے بڑا جانور ہے، اس کی نسل کو مختلف قسم کے خطرات کا سامنا ہے، وہیل کی باقیات کو محفوظ کرنے کیلئے سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیں گے، اس سے قبل جیونی کے مقام پر ایک وہیل کی ڈھانچے کو محفوظ رکھا گیا ہے۔

Previous Post Next Post