پاکستان اور بھارت کے درمیان رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کے وینیو کے تنازع کے دوران بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے جس میں وہ پاکستانی کرکٹرز کی تعریف کررہے ہیں۔
یہ ویڈیو 2010 یعنی 13 سال پرانی ہے، اس انٹرویو کے وقت شاہ رخ خان کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے شریک مالک تھے جو کہ ٹیم کو منتخب کیے جانے سے متعلق دباؤ کا تذکرہ کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں کنگ خان پاکستانی کرکٹرز کے آئی پی ایل میں کھیلنے کے حوالے سے بات کررہے ہیں، اداکار ویڈیو میں کہہ رہے ہیں کہ پاکستانی کرکٹرز ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑی ہیں۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ میں آل راؤنڈر عبدالرزاق کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہتا تھا لیکن نیلامی سے قبل ہی اس کا تذکرہ اخبارات میں ہونے لگا تھا، آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں میری ٹیم میں وسیم اکرم سمیت 5 کھلاڑی تھے جس کی وجہ سے مجھ پر تنقید کی گئی کہ اس ٹیم میں بہت سے کھلاڑی پاکستانی ہیں۔
شاہ رخ خان نے بتایا کہ پاکستان کے 11 کرکٹرز آئی پی ایل کی نیلامی کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے تھے لیکن آخر میں ان میں سے کسی ایک کو بھی نہیں لیا گیا۔
انہوں نے اس کو شرمندگی کا سبب قرار دیتے ہوئےکہا کہ بحیثیت ’کے کے آر‘ ٹیم کے مالک یہ میرے لیے شرمندگی کا باعث ہے کہ ہم سیاسی کشیدگی کی وجہ سے کسی ایک ملک کی ٹیم کے کھلاڑیوں،' جو سب سے بہترین ہیں' کو ٹیم میں شامل ہی نہ کریں۔
انہوں نے اس وائرل ویڈیو کے اختتام میں نوجوان مداحوں سے کہا کہ کھیل کو سیاست سے پاک رکھیں، ان نفرتوں کو ختم کریں اور مزید نہ بڑھائیں، ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے ایک دوسرے کے ساتھ اچھے ہمسائیوں کی طرح رہیں۔