مسلسل ڈپریشن اور بے چینی آپ کو قبل از وقت بوڑھا بنا سکتی ہے

 لندن: ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مسلسل ڈپریشن اور بے چینی (اینزائٹی) سے دماغ اصل عمر سے بوڑھا ہوجاتا ہے۔



ماہرین نے جو سب سے بڑا فرق دریافت کیا ہے وہ اصل عمر اور دماغی عمر کے درمیان دو سال کا فرق ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ذہنی تناؤ، ڈپریشن اور اینزائٹی یا بے چینی سے دماغ تیزی سے بوڑھا ہوسکتا ہے۔ لیکن اس کیفیت کو مناسب غذا، ورزش اور پرامید رہتے ہوئے اس کیفیت کو دور کیا جاسکتا ہے۔

کنگز کالج لندن کے سائنسدانوں نے برطانوی ڈیٹا بیس، یوکے بایو بینک سے کل 110,000 افراد کا جائزہ لیا ہے۔ ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر جولیان میوز کے مطابق اس میں انہوں نے بائی پولر ڈس آرڈر، ڈپریشن اور اینزائٹی کے شکار افراد کی کیفیت اور دماغ کا جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے لوگوں میں دماغی بڑھاپے کو ظاہر کرنے والے بایومارکر اور دیگر عوامل کا باریکی سے مشاہدہ کیا ہے۔ اس کے بعد معلوم ہوا کہ بائی پولر ڈس آرڈر کے مسلسل مریضوں کا دماغ تیزی سے بوڑھا ہوتا ہے۔ یوں ڈپریشن اور بائی پولر کیفیت بطورِ خاص دماغ کی اعصابی صحت کو شدید متاثر کرتی ہے۔


یوں بائی پولر کیفیت دماغ کو دو سال، ڈپریشن ایک برس اور اینزائٹی 8 ماہ تک بوڑھا کرسکتی ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ ایسے افراد ورزش کو عادت بنائیں،دوستوں اور عزیزوں میں وقت گزاریں اور تنہائی کو حاوی نہ ہونے دیں۔ اس طرح ان کا دماغ تادیرجوان رہ سکتا ہے۔

Previous Post Next Post