لاہور: پاکستان کے معروف شاعر اور کالم نویس امجد اسلام امجد لاہور میں انتقال کر گئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی عظیم ادبی شخصیت معروف شاعر امجد اسلام امجد لاہور میں انتقال کر گئے ہیں اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ان کا انتقال حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث ہوا۔
امجد اسلام امجد پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی شاعری اور کالم نویسی کیلئے مشہور تھے انہیں پاکستان سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک میں اردو ادب کے مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگران وزیراعلی پنجاب نے صدارتی ایوارڈ یافتہ شاعر، ادیب، ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔
صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ امجد اسلام امجد نے فن کے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں ہیں اردو ادب کیلئے امجد اسلام امجد کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر محمد احمد شاہ کی جانب سے بھی امجد اسلام امجد کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لاہور میں ہونے والے پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں امجد اسلام امجد کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان کی نماز جنازہ ڈیفنس کی مقامی مسجد میں ادا کی گئی جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔