مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے زندگی میں ایک بار پھر محبت تلاش کرلی ہے۔
67 سالہ بل گیٹس ٹیکنالوجی کمپنی اوریکل کے آنجہانی سی ای او کی 60 سالہ بیوہ پاؤلا ہرڈ کی محبت میں گرفتار ہوگئے ہیں۔
ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ بات اب بیشتر افراد کو معلوم ہے کہ بل گیٹس اور پاؤلا ہرڈ ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں، مگر پاؤلا نے ابھی تک بل گیٹس کے بچوں سے ملاقات نہیں کی۔
جنوری 2023 میں ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے مینز فائنل میں بل گیٹس اور پاؤلا ہرڈ کی اکٹھی تصاویر کھینچی گئی تھیں۔
دونوں کے اس نئے تعلق کی رپورٹس اس وقت سامنے آئی ہیں جب بل گیٹس اور ان کی سابقہ اہلیہ ملینڈا فرنچ گیٹس کی جانب سے علیحدگی کو 2 سال ہونے والے ہیں۔
دونوں نے مئی 2021 میں شادی کے 27 سال بعد ایک دوسرے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے قانونی کارروائی اگست 2021 میں مکمل ہوگئی تھی۔
بل گیٹس اور ملینڈا فرنچ گیٹس کے 3 بچے ہیں، جبکہ پاؤلا ہرڈ کے شوہر اکتوبر 2019 میں انتقال کرگئے تھے اور ان کے 2 بچے ہیں۔
بل گیٹس کی جانب سے پاؤلا ہرڈ سے تعلق کے بارے میں ابھی تک کوئی تردید یا تصدیق جاری نہیں کی گئی ہے۔
مگر بل گیٹس اس کا اشارہ پہلے ہی دے چکے تھے۔
بل گیٹس سے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ زندگی میں دوبارہ محبت تلاش کرنے کی امید رکھتے ہیں؟
جس پر بل گیٹس نے کہا کہ 'ہاں یقیناً، میں کوئی روبوٹ نہیں'۔
واضح رہے کہ طلاق کے بعد سے بل گیٹس اور ان کی سابقہ اہلیہ گیٹس فاؤنڈیشن میں اکٹھے کام کر رہے ہیں۔
دسمبر 2022 میں بل گیٹس نے اپنے ایک بلاگ میں کہا تھا کہ 'وہ ہمیشہ ملینڈا اور خاندان کو تکلیف پہنچانے پر شرمندہ رہیں گے اور شادی کا خاتمہ میری زندگی کے گزشتہ چند برسوں کے بدترین لمحات میں سے ایک ہے'۔