کیلیفورنیا: سوشل میڈیا کی دنیا میں فیس بک ایپ نے جس طرح سب کو اپنی لپیٹ میں لیا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔اپنی نوعیت کی پہلی ایپ آج بھی بڑے پیمانے پر استعمال کی جاتی ہے۔
فیس بک ایپ سب سے پہلی ایپلی کیشن تھی جس کے اندر پیغام رسانی کا فیچر موجود تھا۔ تاہم، 2014 میں فیس بک کی جانب سے ایپ سے جڑا یہ فیچر ختم کیا گیا اور مسینجر کی ایک علیحدہ ایپ متعارف کرائی گئی۔
ٹیکنالوجی ایکسپرٹ میٹ نیوارا نے جیف ہِگنز کی جانب سے شیئر کیے جانے والے اسکرین شاٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے تبصرہ لکھاکہ 2014 میں ختم کردیا جانے والا چیٹ فیچر فیس بک اپنی ایپ میں واپس لارہا ہے۔
شیئر کیے جانے والے اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسکرین کی داہنی جانب ایک دائرہ بنا ہوا ہے اور اس کے ساتھ لکھا ہے ’چیٹ دیکھنے کے لیےدائیں جانب سوائپ کریں‘۔
اس فیچر تک فی الحال مخصوص صارفین کی رسائی ہے ۔ لیکن قوی امکان ہے کہ جلد ہی یہ تمام صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔