بالی وڈ اداکارہ نینا گپتا اور سابق ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈز کی بیٹی مسابا گپتا نے شادی کرلی۔
بھارت کی کامیاب فیشن ڈیزائنر اور اداکارہ مسابا گپتا نے اداکار ستیادیپ مشرا سے کورٹ میرج کی ہے جو کہ ایک وکیل بھی ہیں۔
جمعہ کو اپنے انسٹاگرام پر مسابا نے شادی کا اعلان کرتے ہوئے اس موقع پر منعقدہ تقریب کی پہلی تصویر شیئر کی جس میں سر ویوین رچرڈز نے بھی شرکت کی۔
مسابا نے عروسی لباس کے لیے پستہ اور لائٹ پنک شرارے کا انتخاب کیا جب کہ ستیا دیپ مشرا نے پنک کرتا پاجامہ زیب تن کیا۔
مسابا گپتا نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ جمعہ کی صبح میری شادی کی تقریب ہوئی، جہاں بہت ساری محبتیں، استحکام اور خوشیاں تھیں۔
ساتھ ہی انہوں نے اپنے والد ویوین رچرڈز ، نینا گپتا، نینا گپتا کے شوہر اور ستیا دیپ کی بہن اور والدہ کے ہمراہ بھی تصویر شیئر کی جس میں سب ہی خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں۔
مسابا نے اس تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ 'پہلی مرتبہ، میری پوری زندگی ایک ساتھ نظر آرہی ہے، یہ ہم ہیں، میری خوبصورت فیملی، یہاں سے جو بھی ملے گا، اب وہ بونس ہے۔
خیال رہےکہ نینا گپتا معروف ویسٹ انڈین کرکٹر ویوین رچرڈز کی بیٹی مسابا گپتا کی بن بیاہی ماں ہیں۔